واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قائم مقام اٹارنی جنرل سیلی یٹس کو متنازع امیگریشن پالیسی کیخلاف بولنے پر نوکری سے نکال دیا ہے۔ سیلی یٹس کی جگہ ڈینا بوئنٹے قائم مقام اٹارنی جنرل کے لیے نامزد ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے 100سے زائد اہلکاروں کو فارغ کرنے کے بعد قائم مقام امریکی اٹارنی جنرل بھی ٹرمپ کی متنازع امیگریشن پالیسی کے خلاف ہوئیں اور اس کو غیرقانونی قرار دیا تو نئی امریکی انتظامیہ نے انہیں بھی عہدے سے فارغ کردیا۔
سیلی یٹس کا کہنا تھا کہ امیگریشن پالیسی چیلنج ہو تو کوئی وکیل مقدمہ نہ لڑے، وائٹ ہاؤس ناراض محکمہ خارجہ کے اہلکاروں پر برہم ہوا اور کہا کہ امیگریشن پالیسی تسلیم کریں ورنہ گھر جائیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے 100سے زائد اہلکار امیگریشن پالیسی کے خلاف ہوگئے،ان کا کہنا ہے کہ چند دہشت گرد روکنے کیلیے 20کروڑ افراد پر پابندی درست نہیں ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ناراض محکمہ خارجہ کے اہلکار امیگریشن پالیسی تسلیم کریں ورنہ گھرجائیں، امریکی محکمہ انصاف نے بھی ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
قائم مقام اٹارنی جنرل سیلی یٹس کہتی ہیں کہ ٹرمپ کے حکم نامے کو قانونی نہیں سمجھتی۔ امیگریشن پالیسی چیلنج ہو تو کوئی وکیل مقدمہ نہ لڑے۔ نئے اٹارنی جنرل کی تعیناتی کے لیے امریکی سینیٹ کی عدالتی کمیٹی میں ووٹنگ آج ہوگی۔ سماء