یکم ستمبر کو شریف برادران کی حکومت نہیں رہے گی،طاہرالقادری
ویب ایڈیٹر:
لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے ایک بار پھر حکومت ختم کرنے کا دعویٰ کر ڈالا، علامہ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر کو شریف برادران کی حکومت نہیں رہے گی، اقتدار اور گٹھ جوڑ کا کاروبار ختم کرکے رہیں گے۔
لاہور میں چوہدری برادران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں علامہ طاہر القادری نے ایک بار پھر حکومت پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے، علامہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا کردار قاتلانہ بن چکا ہے، شہیدوں کے وارثوں کو ایف آئی آر درج کرانے کا حق تو دو، لواحقین ایف آئی آر درج نہ کراسکیں اسے جمہوریت کہتے ہیں؟ ايف آئی آر کے درج ہونے سے پھانسی نہيں چڑھ جاتا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں قانون حکمرانوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، آئین وقانون اور جمہوریت کو ان حکمرانوں نے لپیٹ رکھا ہے، آئین و قانون خود یرغمال ہیں، اقتدار اور کاروبار کا گٹھ جوڑ ختم کرنا چاہتے ہیں، اس حکومت نے 80ایس آر او جاری کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، قانون اور ادارے ان کے غلام بن چکے ہیں، ایل ڈی اے پلازہ میں آگ لگوائی گئی، ریکارڈ جلائے جانے کا اور اسے سے30 افراد کی موت کا کیا ہوا؟
علامہ صاحب کا یہ بھی کہنا تھا کہ احسن اقبال کے بھائی کو12ارب روپے صاف پانی بجٹ کے نام پر دیا، مگر تحریک صوبہ ہزارہ کے شہیدوں کو اب تک انصاف نہیں ملا،پنجاب کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں ڈھائی سو لوگوں کی ہلاکت کا کیا ہوا؟حکومت کو آئینہ دکھایا جائے تو میرے پہنچتے ہی منی لانڈرنگ کا ہنگامہ شروع کردیا جاتا ہے، یکم ستمبر کو نہ نواز شریف وزیراعظم ہونگے نہ ان کی حکومت ہوگی۔
طاہر القادری نے حکومت کی روانگی کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے اعلان کیا کہ "یوم انقلاب31اگست" سے پہلے ہوگا، یکم ستمبر کو نواز شریف وزیراعظم ہونگے نہ ان کی حکومت ہوگی۔ سماء