اسلام آباد : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بول ٹی وی کے سینیر صحافی اور اینکر عامر لیاقت حسین کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے معروف اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو شو کاز نوٹس جاری کردیا، شو کاز نوٹس پروگرام پر پابندی کے باوجود جاری رکھنے، اشتعال انگیز تقریر اور لوگوں کو کافر کہنے پر جاری کیا گیا ہے۔
شوکاز نوٹس کے تحت عامر لیاقت حسین پابندی ختم ہونے تک چینل کی کسی بھی قسم کی کارروائی اور پروگرام میں حصہ لینے کے مجاز نہیں ہونگے، وہ نہ بیپر دے سکیں گے، نہ کسی ویڈیو کلپ میں اپنی آواز کو شامل کر سکیں گے اور نہ کسی پروگرام میں بحیثیت مہمان شریک ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 26 جنوری کو پیمرا کی جانب سے جاری حکم نامے میں بول ٹی وی کے اینکر عامر لیاقت اور پروگرام "ایسا نہیں چلے گا" پر فوری اور مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔
ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا گیا تھا، تاہم ان احکامات کے باجود بول ٹی وی پر نہ صرف مذکورہ اینکر کا پروگرام دکھایا گیا بلکہ اس کے پروموز بھی چلائے گئے۔

پیمرا آرڈیننس 2002 (ترمیمی ایکٹ2007) کی دفعات 29،30،33 اور 34 کت تحت جاری اظہار وجوہ میں ٹی وی چینل کی انتظامیہ سے وضاحت مانگی گئی ہے کہ مذکورہ اینکر اور ٹی وی پروگرام پر پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی۔
جاری کردہ نوٹس میں بول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس اظہار وجوہ کے اجراء کے ساتھ روز میں اپنے عمل کو واضح کرے کہ اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جائے، مقررہ مدت میں جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں لبیک پرائیوٹ لمیٹڈ (بول نیوز) کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔ سماء