واشنگٹن : سات ممالک کے بعد پاکستان، سعودی عرب اور افغان باشندوں پر بھی امریکا کے دروازے بند ہونے کا امکان ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ آنے والا وقت چند ممالک کیلئے مزید سخت ہوگا۔
اے بی سی چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں نئے امریکی صدر نے پاکستانیوں کیلئے امریکی دروازے بند کرنے کا عندیہ دے دیا، ٹرمپ نے افغان، سعودی شہریوں کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے صحافی نے سوال کیا کہ پاکستانیوں، افغانوں اور سعودیوں کی امریکہ آمد پر پابندی کیوں نہیں لگا رہے؟ جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب میں کہا کہ ہم کچھ ملکوں کا باریکی سے جائزہ لیں گے، اگر ذرا سا بھی مسئلہ دیکھا تو ایسے ملکوں کے شہریوں پر پابندی لگائیں گے اور امریکہ نہیں آنے دیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں چند مسلم ممالک کے لوگوں کا داخلہ محدود کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہت گھمبیر صورت حال اختیار کرچکی ہے، یہ پابندی مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے، یہ پابندی مسلمانوں کے بجائے ان ممالک پر ہے جہاں دہشت گردی عروج پر ہے۔
کہتے ہیں آنے والا وقت چند ممالک کے لیے مزید سخت ہوگا، نو منتخب امریکی صدر نے مسلمانوں پر تشدد حق قرار دے دیا، دوسری جانب میکسیکن سرحد پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر تنازع شدید ہوگیا۔
ٹرمپ کے ٹوئٹر پیغام پر اینرک پینانیٹو نے دورہ امریکا منسوخ کردیا، امریکی صدر نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اگر میکسیکو دیوار کی تعمیر کیلئے ادائیگی نہیں کرسکتا تو بہتر ہوگا اکتیس جنوری کی میٹنگ منسوخ کردے۔ میکسیکن صدر نے پہلے ہی دیوار کیلئے فنڈز دینے سے انکار کردیا تھا۔ سماء