
[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2016/12/Qamar-Jawed-Bajwa-Naray-Ptv-26-12.mp4"][/video]
راول پنڈی / کراچی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ افغانستان کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق دورے کے دوران پاکستان کی جانب سخت مؤقف اپنایا جائے گا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف بننے کے بعد افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے دورہ کابل کی دعوت دی گئی تھی، اگرچہ آرمی چیف نے دعوت قبول کرلی ہے، تاہم وہ موزوں وقت کے منتظر ہیں۔

سیکیورٹی عہدے دار کے مطابق امریکی کی نئی انتظامیہ کی جانب سے افغانستان پر مؤقف واضح ہونے کے بعد آرمی چیف افغانستان کا دورہ کریں گے، لیکن بہر کیف وہ جب بھی افغانستان جائیں گے وہ افغان قیادت کو "ایک ٹھوس اور واضح مؤقف" پیش کریں گے کہ اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینا بند کیا جائے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف افغان قیادت پر ایک بار پھر واضح کردیں گے کہ پاکستان کسی دہشت گرد گروہ کی پشت پناہی نہیں کرتا ہے، اور نہ ہی پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہیں موجود ہیں، جب کہ آرمی چیف کی جانب سے اس بات کے جامع اور ناقابل تردید ثبوت بھی فراہم کیے جائیں گے کہ کس طرح افغان حکومت کے باعث عناصر پاکستان کے خلاف ہونے والے حملوں کی حمایت کرتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اپنے دورہ کابل میں آرمی چیف افغان صدر سے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے کے عمل (بلیم گیم) روکنے کیلئے بھی درخواست کریں گے۔ سماء