وفاقی وزراء کے مخالفین کو کڑے جوابات، عوام سے معافیاں
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : ایک جانب وفاقی وزراء مخالفین کو کڑے جوابات دے رہے ہیں تو دوسری جانب کنٹینر لگانے پر عوام سے معافیاں بھی مانگ رہے ہیں، پرویز رشید کا کہنا ہے کہ سیاسی بونے عمران خان کو سیاسی خود کشی پر مجبور کررہے ہیں۔ احسن اقبال کہتے ہیں کہ حکومت اقدامات نہ اٹھارتی تو بڑے پیمانے پر فساد ہوتا، شہریوں کو پیش آنیوالی مشکلات پر ان سے معذرت چاہتے ہیں، قادری اور عمران ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزراء ایک بار پھر مخالفین کو جواب دینے میدان میں آگئے، پاکستان عوامی تحریک ہو یا پاکستان تحریک انصاف ن لیگ کے رہنماء کسی کو بھی بخشنے پر تیار نہیں، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ انتشاری مارچ جمہوریت، پارلیمنٹ اور عدلیہ کیخلاف ہے، عمران خان 2018ء تک اپنی باری کا انتظار کریں، سیاسی بونے عمران خان کو سیاسی خودکشی پر مجبور کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے شہریوں سے معذرت کرتا ہوں، حکومت اقدام نہ اٹھاتی تو بڑے پیمانے پر فساد ہوتا، عوام کیلئے تحفظ کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی اے ٹی کے کارکنان ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں، حکومت نے مجبوراً رکاوٹیں لگائیں جس سے شہریوں کو پریشانی ہوئی، پاکستان کی فوج آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، قادری صاحب اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، بین الاقوامی حالات دیکھتے ہوئے مارچ قابل قبول نہیں۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی کسی سے پیچھے نہیں، ان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، لانگ مارچ کے ہونے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ نے کرنا ہے، لگتا ہے کہ تحریک انصاف لانگ مارچ کی تیاری نہیں کرپائی، کور کمیٹی اجلاس میں مارچ کی تیاریوں پر مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ سماء