ڈرامہ کوئین سے ’’ادی معاف کردیں ‘‘ تک

IMDAD MAFI NUSRAT

کراچی:فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کی جانب سے خود سوزی کی دھمکی کے بعد پی پی کے امداد پتافی نے معافی مانگ لی۔ نصرت سحر کو ڈرامہ کوئین کہنے والے امداد پتافی نے آج انہیں معزز رکن اسمبلی کہہ کر مخاطب کیا۔ واضح رہے کہ جمعہ 20 جنوری کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی نے دوران اجلاس مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن اسمبلی نصرت سحرعباسی سے بدتمیزی کی تھی۔ امداد پتافی کا ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو مخاطب کر کے نصرت سحرعباسی سے متعلق کہنا تھا کہ میڈم رسی جل گئی، بل نہیں گیا۔ یہ ایک ہی بچی ہیں جو اس اسمبلی کی ڈراما کوئین ہیں، میرے چیمبر میں آجائیں تو انہیں پڑھ کر بتا دوں۔

معاملے پر نصرت سحرکی جانب سےشدید احتجاج کے بعد پیپلزپارٹی نے امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری کرکےتین روز کے اندرجواب دینے کی ہدایت کی تھی۔ نصرت سحر کا کہنا تھا کہ صرف معافی سےنہیں کام چلے گا،بلاول بھٹو امدادپتافی کو پارٹی سےنکالیں۔

آج سندھ اسمبلی کے اجلاس سے پہلے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نصرت سحرعباسي نے ايوان ميں جانے سے انکار کرديا۔ اپنے ساتھ پٹرول کی بوتل لے کر اسمبلی پہنچنے والی نصرت سحر عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امداد پتافی کے رویے کے باعث میں پوری دنیا میں ذلیل و خوار ہو رہی ہوں لیکن مجھ پر دباؤ ہے کہ امداد پتافی کو معاف کردوں ۔

نصرت سحرعباسی نے اپنے ہمراء لائی گئی بوتل صحافیوں کو دکھاتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ سونگھ لیں، یہ پٹرول ہے، اپنے بچوں اور خدا کی قسم کھا کر کہتی ہوں کہ اگر مجھے انصاف نہ ملا تو خود کو آگ لگا لوں گی۔ نصرت سحر عباسی نے بلاول، بختاور اور آصفہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنی ماں  کیلئے انصاف نہیں ملا لیکن میرے بچے آپ سے انصاف مانگتے ہیں۔ سب کا مطالبہ ہے کہ امداد پتافی کو برطرف کیا جائے۔ان سے ان کی وزارت چھینی جائے۔ اگرامداد پتافی کی رکنیت معطل نہیں کی گئی تو میں پوری دنیا میں ایک مثال قائم کروں گی۔ میں اپنی نشست سے استعفیٰ دیکر خود کوآگ لگا لوں گی۔

دوسری جانب امداد پتافی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپنے الفاظ پرنصرت سحرعباسی سے معذرت کرتے ہوئےانہیں چادر اوڑھا دی جس پر نصرت سحرکا کہنا تھا کہ امداد پتافی نے مجھے چادر اوڑھا کر بہن کا درجہ دیا جو سندھ کی روایت ہے ، اور میں روایت سے منہ نہیں موڑ سکتی۔ اس لیے معاملہ یہیں ختم کرتی ہوں۔ سماء:

APOLOGY

Sindh assembly

PMLF

Nusrat Sehar Abbasi

Imdad Patafi

Tabool ads will show in this div