تیسرا اسپیل شروع؛محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی کردی
اسلام آباد: سردیوں کی بارش کا تیسرا اسپیل شروع ہو گیا۔آج سے رم جھم کا نیا سلسلہ شروع ہوگا تین دن تک ملک بھرمیں جل تھل ہو گا جبکہ کراچی میں بھی کل ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں پر روئی کے نرم و ملائم گالے برسیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی بارشوں کا تیسرا اسپیل آج سے رنگ دکھائے گا۔ بلوچستان میں بارش برسانےوالا نیا سسٹم داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں تین دن تک بادل خوب برسیں گے جبکہ برف باری بھی ہوگی۔
ڈی جی میٹ ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق بارش کے ساتھ ساتھ مری ،کاغان ، ناران ، گلگت اور آزادکشمیر میں برف کےگالے بھی گریں گے۔
کراچی میں درجہ حرارت میں قدرے اضافہ ہوا ہی تھا کہ محکمہ موسمیات نے پھر بارش کی پیشگوئی کردی۔ ڈی جی میٹ کے مطابق کراچی میں بھی کل ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ بدھ تک جاری رہنےکا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔ سماء