پاکستان پرامن ملک ہے، دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو رہا ہے: وزیراعظم
ڈیووس: وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ امن کے بغیر خطے کی ترقی ممکن نہیں، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے، پاکستان اب دنیا کے کسی بھی ملک کی طرح پرامن ملک ہے، حکومت کے مثبت اقدامات کے نتیجے میں پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ابراج گروپ کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ امن اور استحکام کے بغیر ملک اور خطے کی ترقی ممکن نہیں، 2013ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک میں توانائی کا شدید بحران تھا اور پاکستان کو 2013ء میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا تھا، حکومت نے مثبت اقدامات اٹھائے اور معیشت کو مستحکم کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال قومی ترقی کی مجموعی شرح 5.5 فیصد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو حاصل کر لیں گے، حکومت نے سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات کی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اب غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے، حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر کاربند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وژن 2025ء کے تحت پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج 49 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، ملک میں ہاﺅسنگ اور گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں ٹیلی کام کی صنعت نے بے پناہ ترقی کی ہے، ملک میں ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مالیاتی خسارے کو 8.6 سے کم کر کے 4.2 سطح پر لے آئے ہیں، عالمی ادارے پاکستان کے معاشی استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں، عالمی اقتصادی اداروں نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کر دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے، سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوجی جوانوں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، جس کے نتیجے میں ملک ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبوں سے خطے میں ترقی کے مواقع فراہم ہونگے اور وسطی ایشیاء کے ملکوں کو آپس میں ملایا جائے گا۔ سماء/اے پی پی