نیٹو نے اپنے دفاع میں 33 شہریوں کو ہلاک کردیا

کابل: شالی اوقیانوس کی دفاعی تنظیم( نیٹو ) نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے قندوز میں اپنادفاع کرتے ہوئے 33 شہریوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ افغانستان میں بے گناہ اور معصوم شہریوں کی ہلاکتیں گزشتہ سال کے واقعہ کے بعد بڑی نمایاں ہوئیں ۔
جمعرات کو ذرائع ابلاغ نے نیٹو کے حوالہ سے بتایاکہ گذشتہ سال قندوز کے نواحی گاﺅں میں طالبان عسکریت پسندوں نے آبادی والے علاقہ کی عمارت سے امریکی اور افغان فوجیوں پر فائرنگ کی جس پر امریکی فوج کو بھی اپنے دفاع کے لئے فائرنگ کرنا پڑی جس سے خواتین اور بچوں سمیت 33 افغان شہری بھی ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے تھے جبکہ طالبان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں 2 امریکی فوجی اور 3 افغان کمانڈوز ہلاک ہو گئے تھے ۔
اس وقت قندوز کے شہریوں نے معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کی لاشوں کے ہمراہ سڑکوں پر بھر پور احتجاج کیا تھا تاہم اب نیٹو نے بتایا کہ گذشتہ سال 3 نومبر کو پیش آنے والے واقعہ کے دوران امر یکی فوج نے اپنے دفاع کےلئے گولی چلائی تھی۔
دریں اثناء افغانستان میں امریکی فوج کے سر براہ جنرل نکولسن نے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کو افسوسناک قرار دیا ہے ۔ سماء