سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری،بھارتی جنوبی فوج کی بلااشتعال فائرنگ
اسٹاف رپورٹ
سیالکوٹ : بھارتی سیکیورٹی فورسز ورکنگ باؤنڈری پر پھر آؤٹ آف کنٹرول ہو گئیں، پاکستانی دیہات پر بلااشتعال فائرنگ کی، پاک رینجرز کی منہ توڑ جوابی کارروائی کر رہی ہے۔ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پاک رینجرز حکام کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری شروع کر دی۔ بھارتی فورسز نے اپنی رتن شاپ، مچان اور کاروتانہ پوسٹوں سے سیالکوٹ کے سرحدی دیہات ہڑپال اور چارواہ کونشانہ بنایا۔
پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔ فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے جاری ہے تاہم ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بھارت کی طرف سے دو ہفتے میں ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ ہفتے اسی علاقے میں انڈین فائرنگ سے ایک پاکستانی خاتون شہید ہو گئی تھیں۔ پاکستان گزشتہ دنوں سرحد عبور کر آنے والے بھارتی فوجی کو خیرسگالی کے طور پر زندہ واپس بھیج چکا ہے۔
ادھر کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج نے فائرنگ اور گولہ باری کی، بھارتی فوج نے داتوت ، ترکنڈی اور دیگر دیہات کو نشانہ بنایا، تاہم کوئی جانی مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سماء