قومی اسمبلی : آئین و جمہوریت کی بالادستی کیلئے قرار داد متفقہ طور پر منظور
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے استعفیٰ کیخلاف اور آئین و جمہوریت کی بالادستی کیلئے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، وزیراعظم نواز شریف آج بھی ایوان سے خطاب کئے بغیر واپس چلے گئے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، جس میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی کی جانب سے آئین و جمہوریت کی بالادستی کیلئے پیش کی گئی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرار داد میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، یہ ایوان ایسے اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف بھی شریک ہوئے تاہم آج بھی وہ ایوان سے خطاب کئے بغیر ہی چلے گئے، اراکین نے ان سے ایوان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ بھی کیا، قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ سماء