اسلام آباد : اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف حکام نے کارروائی کے دوران جدہ جانے والے مسافر سے ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، حکام نے سعودیہ عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق مذکورہ مسافر اسلام آباد سے جدہ جانے والی نجی ایئر لائن کا مسافر تھا، مسافر کے بیگ سے ساڑھے تین کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کاشف چارسدہ کا رہائشی ہے اور نجی ایئرلائین کی پرواز کیو آر 633 کے ذریعے جدہ جا رہا تھا، مسافر کے بھائی واجد اقبال کو بھی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے حراست میں لے لیا، ملزمان کو اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔ سماء