سابق صدرزرداری اور وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات آج ہوگی
ویب ایڈیٹر:
لاہور : وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان آج اہم ملاقات جاتی امرا میں ہوگی، سابق صدر زرداری وزیراعظم کی دعوت ظہرانے پر لاہور پہنچ رہے ہیں۔
مفاہمتی جادوگر آصف علی زرداری نے پاکستان پہنچتے ہی اپنی مفاہمتی چھڑی چلانا شروع کردی ہے، رابطوں میں تیزی اور ملاقات کے سلسلوں میں تیزی آگئی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری ملاقات اور اہم فیصلوں کیلئے لاہور روانہ ہوگئے ہیں، آصف زرداری وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت کریں گے، سابق صدر زرداری ظہرانے کے بعد بلاول ہاؤس لاہور میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
دوسری جانب آصف زرداری سے ملاقات سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ن لیگ رہ نماؤں کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں خواجہ آصف، اسحاق ڈار، سعد رفیق اور عبدالقادر بلوچ شریک سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے ملاقات میں بھی یہ وزراء موجود ہوں گے۔
آصف زرداری کے وفد میں رضا ربانی، اعتزاز احسن اور خورشید شاہ شامل ہیں، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نواز زرداری ملاقات کا حصہ نہیں ہونگے، شہباز شریف کو سابق صدر زرداری سے متعلق سخت بیانات پر ملاقات میں شرکت سے روکا گیا ہے۔ سماء