سڈنی ٹیسٹ؛آسٹریلوی وزیراعظم کا دونوں ٹیموں کیلئے ظہرانہ
سڈنی: تیسرا اور آخری ٹیسٹ کھیلنے کیلئے گزشتہ روز سڈنی پہنچنے والی پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے اعزازمیں آسٹریلوی وزیراعظم نے ظہرانہ دیا۔میلکم ٹرنبل کہتے ہیں کرکٹ سیریز سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
گزشتہ روزمیلبورن سے سڈنی پہنچنے والی پاکستان اورآسٹریلیا کی ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پردونوں ٹیموں کے کپتانوں مصباح الحق اور سٹیو اسمتھ نے آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرنبل کو سووینئر پیش کیا ۔
اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز سے باہمی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا دو صفر کی برتری سے سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکا ہے۔
دونوں ٹیمیں گزشتہ روز میلبورن سے سڈنی پہنچی تھیں ۔ پیر کو پہلا پریکٹس سیشن جبکہ منگل سے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کا آغاز ہو گا۔ سماء