وزیراعظم کے مستعفیٰ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،پی پی ن لیگ
ویب ایڈیٹر:
لاہور : وزیر خزانہ اسحاق داڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استعفیٰ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دونوں بڑی جماعتیں پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ اس بات پر یک زباں ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق داڑ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی خاطر ن لیگ کے شانہ بشانہ ہے، ملاقات میں اعادہ کیاگیا ہے کہ معاملے کا حل آئین اور قانون کے مطابق ہو۔
اسحاق داڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے لچک کا مظاہرہ سب نے دیکھا، دھرنے کے شرکاء کو اسلام آباد میں ریڈ زون بھی جانے دیا گیا، نواز شریف کی کھلی حمایت کرنے پر آصف زرداری کے شکر گزار ہیں، پیپلز پارٹی نے جو مؤقف پارلیمنٹ میں لیا، اسی عزم کا آج اعادہ کیا۔
اسحاق داڑ نے کہا کہ مسائل کا حل آئین کے دائرہ کار میں نکلنا چاہیے، معاملات کا حل آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر نکالا جائے گا، کسی ماورائے آئین اقدام کی حمایت نہیں کی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
میڈیا کو بریف کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے 6 مطالبات حکومت کے 2 اقدامات سے پورے ہوگئے، الیکشن 2013 کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے ہاتھ صاف ہیں۔
اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ ریاست کمزور کرنے کے مترادف ہے، آصف زرداری نے معاملات کے آئینی اور قانونی حل کی حمایت کی، سعد رفیق نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے آئین کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔ سماء