نواز شریف کیلئے نہیں،پارلیمنٹ،آئین کیلئے لڑ رہے ہیں،اسفندیار
اسٹاف رپورٹ
پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آزادی اور انقلاب کے نام پر ڈرامہ کیا جا رہا ہے، مائنس ون فارمولہ پاکستان مین نہیں چلے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انیس سو تہتر کے آئین کو چھیڑا گیا تو ہر صوبے کا اپنا آئین بنے گا، اے این پی پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے،سب سے زیادہ دھاندلی اے این پی کے ساتھ ہوئی، نواز شریف کیلئے نہیں پارلیمنٹ،آئین اور5سال کے مینڈیٹ کیلئے لڑ رہے ہیں۔
اسلام آباد میں آزادی و انقلاب مارچ پراے این پی کے سربراہ اسفندیارولی بھی چپ نہ رہ سکے اور جو دل میں تھا کہہ ڈالا، اے این پی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں ان کا کہنا تھا کہ آزادی اور انقلاب کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے ، عوامی نیشنل پارٹی پارلیمنٹ کے ساتھ ہے 1973کاآئین چھیڑا گیا تو ہرصوبے کا آئین بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انا اور ضد کی بھی حد ہوتی ہے بل ادانہ کرنے پر نقصان ریاست کا ہی ہوگا۔
اسفندیارولی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے6میں سے5مطالبات مان لیے گئے ہیں، ہم نواز شریف کیلئے نہیں پارلیمنٹ، آئین اور 5سال کے مینڈیٹ کیلئے لڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کے پیچھے کوئی قوت ہے خدارا پاکستان کا مزید نقصان نہ کیا جائے۔
اے این پی کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحريک انصاف کے استعفوں کی کوئی حیثیت نہیں آئین کے تحت رکن اسمبلی خود استعفی جمع کراتا ہے، وزیراعظم سے زبردستی استعفیٰ مانگنا غیر آئینی ہے۔ سماء