وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر سوئی اٹک گئی ہے، شاہ محمود قریشی
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جمہوریت ڈی ریل کرنے کی قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں، کسی تیسری قوت کو دعوت نہیں دے رہے، وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر سوئی اٹک گئی، مائنس ون فارمولہ کبھی نہیں دیا نہ ہی اس کے قائل ہیں، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات میں مشکلات سراج الحق سے بیان کیں، جمہوریت ڈی ریل کرنے کی قیاس آرائیاں دم توڑچکی ہیں، خون خرابے کی باتیں کرنیوالوں پر ثابت کردیا ہمارا احتجاج پُرامن ہے، کسی تیسری قوت کو دعوت نہیں دے رہے، جمہوریت کو اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں جتنی دوسرے لوگ، مخصوص ٹولے کے غبارے میں سے ہوا نکل گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ریلیوں کی کال اور فضل الرحمان کی باتیں معاملے کو نیا رنگ دے رہی ہیں، آئین سے ماورا اقدام کی حوصلہ افزائی کی ہے نہ کریں گے، حکومتی پارلیمانی کمیٹی کیلئے کچھ تجاویز دی ہیں، ہم بات چیت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر سوئی اٹک گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ تحریک انصاف جتنی لچک دکھاسکتی تھی دکھاچکی، تحریک انصاف نے درمیانی راستہ منتخب کرنے کی کوشش کی، مائنس ون فارمولہ کبھی نہیں دیا نہ ہی اس کے قائل ہیں، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔ سماء