افضل خان کے انکشافات، نواز شریف وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے، عمران خان
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : عمران خان کہتے ہیں کہ افضل خان کے دھاندلی سے متعلق بیان کے بعد وزیراعظم نواز شریف کا عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں بچا، افتخار چوہدری بھی انتخابات میں دھاندلی میں برابر کے ملوث ہیں، نواز شریف کے استعفیٰ تک یہاں سے نہیں اٹھیں گے، پر امن احتجاج جاری رہے گا۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ افضل خان کے انکشافات پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، افضل خان نے ہمارے مؤقف کی تصديق کردی، اپنے بیان میں انہوں نے بتايا آر اوز اليکشن کميشن کے نيچے نہيں تھے، انتخابات ميں 35 نہيں سيکڑوں پنکچر لگائے گئے، ريٹرننگ افسران کا تقرر افتخار چوہدری نے کيا تھا، مينڈيٹ چوری کرنے ميں سب سے بڑا ہاتھ افتخار چوہدری کا تھا، ان کی تعریف سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افضل خان کے انکشافات کے بعد حکومت میں رہنے کا جواز نہیں، ہم يہاں سے چلے گئے تو کبھی شفاف انکوائری نہيں ہوگی بلکہ آئندہ اليکشن ميں مقابلہ جمہوری انداز میں ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے ہوگا، نواز شريف کے ہوتے ہوئے شفاف تحقيقات نہيں ہوسکتی، افضل خان جيسے اور بہت سے لوگ سامنے آئيں گے۔
عمران خان نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ وزیراعظم کے استعفیٰ تک یہاں سے نہیں اٹھیں گے، خبر ہے ن لیگ انتشار پھیلانے کی کوشش کرے گی، پولیس سے نہیں لڑنا چاہتے، ہمارا دھرنا پُرامن تھا اور رہے گا، افضل خان کے انکشافات کے بعد ری اليکشن کے علاوہ کوئی چارہ نہيں۔
وہ کہتے ہیں کہ پیسے دے کر ریلیاں نکالی جارہی ہیں، انتشار کی ذمہ دار حکومت ہوگی، دھاندلی کی تحقيقات کیلئے افتخار چوہدری کے پاس گیا، افتخار چوہدری نے بھی ہماری نہ سنی۔ سماء