وزیراعظم کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہ نماؤں کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن میں دھاندلی ثابت ہوگئی تو پھر پوری پارلیمنٹ کو جانا چاہئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان،فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، آفتاب شیرپاؤ، غلام احمد بلور، اکرم خان درانی اور محمود خان اچکزئی شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفت گو میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے واضح کر دیا ہے کہ وزیراعظم استعفی نہیں دیں گے۔ وزیراعظم کو غیر آئینی طریقے سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کا پانچ رکنی کمیشن بن رہا ہے، اگر کمیشن میں ثابت ہو گیا کہ منظم دھاندلی ہوئی ہے تو پھر پوری پارلیمنٹ کو جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک اپوزیشن کی تجویز پر تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، دھرنے والوں نے یلغار کی تو بہت نقصان ہوگا۔ اپوزیشن کی طرف سے حیدر عباس رضوری طاہر القادری سے براہ راست رابطہ کریں گے۔ شہباز شریف کے استعفی دینے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ سماء