کوئٹہ : نئے آرمی چیف نے بھی ناراض اور علیحدگی پسندوں بلوچوں کو مذاکرات کی میز پر آنے اور بات چیت سے مسائل حل کرنے کی پیش کش کردی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری دشمنی صرف پاکستان کے دشمنوں سے ہے، دشمن کے بہکاؤے میں آنے والوں کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب دشمن اپنے انجام کو پہنچے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، کوئٹہ آمد پر آرمی چیف نے بلوچ ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے، بہترین کارکردگی پر چیف آف آرمی اسٹاف کی اعزاز چھڑی ریکروٹ احسان علی، جب کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کا تمغہ لیاقت علی نے اپنے نام کیا۔
ریکروٹس اور پریڈ کے شرکاء سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کمان سنبھالنے کے بعد میرا بلوچستان کا تیسرا دورہ ہے، بلوچستان کے غیور عوام کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، ملک کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے، مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے، فوج میں خود کو بلوچی کہلانے پر فخر ہے، آپ لوگ میرے دل کے بہت قریب ہیں، آج بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ آپ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی بنے گی، بلوچستان میں امن و امان حکومت کی اہم ترجیح ہے، آنے والے کل کا بلوچ ملک کی ترقی میں شامل ہوگا، بلوچستان کی ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہے، آنے والا کل کا بلوچ پاکستان کی ترقی کا حصہ بنے گا۔
سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سی پیک کی تکمیل خطے کو ترقی کے نئے دور میں داخل کرے گی، بلوچستان کے عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کرچکے ہیں، فوج صوبے میں ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملکی ترقی کے ضامن ہیں، ہمارے بچوں کا مستقبل روشن ہے۔
ناراض اور علیحدگی پسند بلوچوں کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر کا کہنا تھا کہ ہماری دشمنی صرف پاکستان کے دشمنوں سے ہے، جو لوگ دشمن کی سازش کا شکار اور ان کے بہکاؤئے میں آگئے ہیں، ان کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے، دشمن کو ایک پر پھر تنبیہ کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دو دن دور نہیں جب دشمن اپنے انجام کو پہنچے گا، دہشت گرد اور سہولت کار اپنے انجام کو پہنچیں گئے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوان ملکی دفاع اور ترقی میں کسی طور پیچھے نہیں، بلوچستان کے وسائل ترقی کی نئی راہ کھولیں گے، ہم امن پر یقین رکھتے ہیں،یہاں کے عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر چکے ہیں، اس صوبے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، ، یہاں کے ہزاروں نوجوان ایف سی، پولیس ، پاک فوج اور دیگر اداروں میں نافذ ہیں۔
تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض ، وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت، ریکروٹس کے والدین اور دیگر افواج کے افسران نے شرکت کی۔ سماء