کراچی : سابق صدر آصف علی زرداری نے مفرور انور مجید سے تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انور مجید سے تعلق ہے،مجھے ان چھاپوں کا کچھ نہیں پتا، اس کے بارے میں وزیر داخلہ سے پوچھیں۔
بانی قائد محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائدؒ پر حاضری دینے سابق صدر بھی پہنچے، تاہم ان کے ہمراہ بلاول بھٹو نہیں تھے۔ سابق صدر نے وزیراعلیٰ سندھ ، سابق سینیٹر فاروق ایچ نائیک و دیگر کے ہمراہ مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انور مجید سے تعلقات ہیں،علاج لندن اور امریکا سے چل رہا ہے، وہاں کے ڈاکٹروں کی اجازت سے پاکستان کے لئے سفر کیا ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ انور مجید کے ساتھ کیا اور کیوں ہوا یہ وزیر داخلہ سے پوچھیں ،پی پی کے 4مطالبات کی بات 27دسمبر کو ہوگی ، اور پھر ستائیس دسمبر کو پارٹی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔
ڈاکٹر عاصم سے متعلق پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں زرداری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کے وکلا سے رابطے میں رہتا ہوں،یقین ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو انصاف ضرور ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ پاکستان آج سے مزید مضبوط رہے گا، سب سے التجا ہے کہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں۔ سماء