پی ٹی آئی نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کیخلاف مقدمہ کی درخواست جمع کرادی
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : پی ٹی آئی نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کیخلاف مقدمے کی درخواست تھانہ سیکریٹریٹ میں جمع کرادی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے نہتے لوگوں پر حملہ کیا اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد بھی کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور جہانگیر ترین تھانہ سیکریٹری پہنچے، جہاں انہوں نے وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چوہدری نثار اور دیگر وفاقی وزراء، آئی جی اسلام آباد کیخلاف مظاہرین پر تشدد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ پر ڈٹ گئی، اسلام آباد میں نہتے لوگوں پر پولیس حملے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت دیگر وفاقی وزراء کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہفتے اور اتوار کی شب پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے دوران کم از کم 3 افراد جاں بحق اور خواتین، بچوں، پولیس اہلکاروں اور صحافیوں سمیت 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ سماء