بہترین فیچرزکے ساتھ سستا ترین نوکیا فون آنے والاہے
نت نئے اسمارٹ فون کے زمانے میں بھی فیچرموبائل فونز کو پسند کرنے والوں کی تعداد میں کمی نہیں آئی۔ کیونکہ بہت سے لوگ اسمارٹ فونزکے ساتھ دوسرا فون بھی رکھتے ہیں اور کئی ایسے بھی ہیں جو جدید ٹیکنالوجی سے بیزارہو کر سادہ فون کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسے ہی صارفین کے لیے ایچ ایم ڈی کمپنی نے ( جو اب نوکیا کا لائسنس رکھتی ہے) نیا فون متعارف کروا رہی ہے۔ یہ فون ماضی کی عام ڈیوائسز جیسا ہی ہے۔ نوکیا کی نئی کمپنی نے نوکیا 150 متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو دہری سم کے آپشن کے ساتھ بھی دستیاب ہو گا۔
اس نئے نوکیا فون کی خاص بات اس کی بیٹری ہے جو 22 گھنٹے سے زیادہ چلتی ہے۔ اسٹینڈ بائی پریہ بیٹری سنگل سم کے ساتھ 31 دن جبکہ ڈبل سم کے ساتھ 25 دن چل سکتی ہے۔ دیگر فیچرز میں 2.4 انچ کی اسکرین کے ساتھ ساتھ ایم پی تھری، ایف ایم ریڈیو، پلے بیک، فلیش لائٹ شامل ہیں ۔ فون پولی کاربونیٹ شیل کے ساتھ ہے جس سے آپ کا فون خراشوں سے بھی محفوظ رہے گا۔
اور تو اورنوکیا فونز کے مشہور زمانہ گیمز سنیک زینزیا اور نائٹروریسنگ بھی شامل ہیں جو پرانی یادیں تازہ کردیں گے۔ اس فون میں کوئی فینسی کیمرہ تو نہیں لیکن ایل ای ڈے فلیش لائٹ کے ساتھ وی جے اے کیمرہ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اس لحاظ سے فون کی قیمت انتہائی مناسب رکھی گئی ہے یعنی صرف 26 ڈالرز جو پاکستانی کرنسی میں تقریبا 2700 روپے بنتے ہیں۔
فون میں بلیو ٹوتھ کا آپشن ہونے کے علاوہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ بھی ہے جس میں لو ریزولوشن تصاویر محفوظ کی جا سکتی ہیں
کمپنی توقع رکھتی ہے کہ یہ نیا اور کم قیمت فون بہت اچھا بزنس کرےگا۔ ایچ ایم ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نئے موبائل کو متعارف کراتے وقت صارفین کی آسانی کیلئے کم قیمت، اچھا معیار اور آسان استعمال جیسے نکات کو مدنظررکھا گیا ہے۔ فون مارکیٹ میں آئندہ سال فروخت کیلئے پیش کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ نے 2014 میں بزنس اور لومیا برانڈ کے فون کو نوکیا سے خرید لیا تھا جبکہ دس سال کیلئے اسے پلانٹس، پیٹنٹس اور فون برانڈز کے حقوق ملے تھے۔ بعد میں مائیکرو سافٹ نے نوکیا کا نام نکال کرلومیا اسمارٹ فونز کو ونڈوز فون میں تبدیل کر دیا تھا۔
کامیابی نہ ملنے پر بالاخر مائیکرو سافٹ نے یہ بزنس ایچ ایم ڈی نامی کمپنی کو فروخت کردیا تھا جو اب بہترین توقعات کے ساتھ نوکیا کا نیا فون متعارف کروا رہی ہے۔ سماء