نواز شریف کی مخصوص ذہنیت کیخلاف لڑ رہے ہیں، عمران خان
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : عمران خان کہتے ہیں کہ مظلوم عوام اور ظالم حکمرانوں کے درمیان جنگ ہے، نواز شریف کی مخصوص ذہنیت کیخلاف لڑ رہے ہیں، نواز شریف نے 11 مئی کو جمہوریت ڈی ریل کی، جمہوریت کا اصول ہے، انکوائری تک استعفیٰ دیں، پھر واپس آئیں۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ اب 2 طبقوں کے درمیان جنگ ہے، ایک طرف مظلوم عوام اور دوسری طرف ظالم حکمران ہیں، ظالموں کو چیلنج کرکے عوام نے تاریخ بنادی، معاشرے میں ظلم کیخلاف 2 طبقے نہیں کھڑے ہوتے، ایک خود غرض اور دوسرا بزدل، نواز شریف کی مخصوص ذہنیت کیخلاف جنگ لڑی جارہی ہے، حکمرانوں کیلئے الگ اور عوام الگ قانون ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انصاف مانگنے کیلئے عدالت اور پارلیمنٹ میں گئے، جانور چپ کرکے ظلم سہتا ہے انسان نہیں، سیاسی جماعتیں تقسیم ہوچکیں، پارلیمنٹ میں زہر اگلنے والے 2 نمبر سیاستدان ہیں، ممبران اسمبلی کے چہروں پر خوف عیاں تھا، خاص طبقہ نظام سے مسلسل فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، ليٹروں کا پتہ ہے وہ نئے پاکستان ميں جيل جائيں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ استعفے کا مطالبہ گیلانی کیلئے ٹھیک تھا، نواز شریف کیلئے نہیں، جمہوریت کا اصول ہے، انکوائری تک استعفیٰ دیں، پھر واپس آئیں، نواز شریف پیسوں سے لوگوں کو خریدتے ہیں، 3 آئی جیز غلط احکامات کی وجہ سے تبديل ہوگئے، وزیراعظم نے پوليس کے محکمے کو بھی تباہ کرديا، میاں صاحب نے 11 مئی کو جمہوریت ڈی ریل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پتہ ہے پارٹی میں کون ساتھ کھڑا ہوتا ہے کون نہیں، ایک طرف کئی ٹائیگرز دوسری طرف گفتار کے غازی نظر آگئے، گفتار کے غازیوں کو اگلا ٹکٹ نہیں ملے گا، امتحان کے وقت حقیقی تحریک انصاف سامنے آگئی، پورے ملک میں لوگ کارکنوں کی کامیابی کیلئے دعا کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ چینی سربراہ کا پرجوش اور تاریخی استقبال کریں گے ان پر پھول برسائیں گے۔ سماء