جمہوریت پر یقین ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں، قمر زمان کائرہ
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ جمہوریت پر یقین کرنے والے لوگ ہیں، پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں، کوشش ہے معاملات کا سیاسی طور پر جلد حل نکلے، جمہوریت عوام کیلئے ہے، ایوانوں کیلئے نہیں، خورشید شاہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کا مشاورتی اجلاس آصف علی زرداری کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے مؤقف کی تائید کی ہے، جمہوریت کیلئے کوششوں کو سراہا گیا، پی پی جمہوریت کو مضبوط بنانا چاہتی ہے، ہم پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں، معاملے کے حل کيلئے آئینی راستہ نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ کوشش ہے چینی سربراہ کے دورے سے پہلے معاملہ حل ہوجائے، میں نے کہا تھا کہ عمران خان جنگ جیت چکے ہیں، کوشش ہے سیاسی طور پر معاملے کا جلد حل نکلے، عوام اور جمہوریت کیلئے بارگیننگ کیا کرتے ہیں، جمہوریت عوام کیلئے ہے ایوانوں کیلئے نہیں، جمہوری نظام میں انسانوں کو حقوق ملتے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے قائد حزب اختلاف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ پیپلزپارٹی کا اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، قادری صاحب سے کہتا ہوں کہ ناراضی کو مزید نہ بڑھائیں، پیپلزپارٹی ایک خاندان ہے، ایک اچھا تو سب اچھے ہیں، بھٹو دور کے بارے میں ان کی باتوں کی تردید کرتا ہوں، آئین ذوالفقار علی بھٹو نے دیا، بے نظیر نے اپنا خاندان جمہوریت کیلئے قربان کیا۔ سماء