وفاقی وزراء کے بیانات حواس باختگی کا ثبوت ہیں، ڈاکٹر شیریں مزاری
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزراء کے بیانات ان کی حواس باختگی کا ثبوت ہیں، انہوں نے احسن اقبال کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید کرنے کے بجائے اپنے حلقے میں جاکر سیلاب میں ڈوبے لوگوں کو بچائیں۔
اسلام آباد میں میڈیا کو جاری بیان میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بارشوں سے لاہور میں تباہی نے شہباز شریف کے لاہور کو پیرس بنانے کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال تنقید کرنے کے بجائے اپنے حلقے میں سیلاب میں ڈوبے لوگوں کی مدد کریں، حکمران اپنی انتظامی ناکامی چھپانے کیلئے بیان بازی کررہے ہیں، ویژن 2025ء کی باتیں کرنیوالے سیلاب کی پیش گوئی نہ کرسکے۔
شیریں مزاری کہتی ہیں کہ وزراء کے بیانات حواس باختگی کا ثبوت ہیں، احسن اقبال شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے میں مصروف ہیں وہ سیلاب پر سیاست چمکانے کی کوشش نہ کریں اور بتائیں کہ حکومت نے سیلاب سے بچاؤ کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں۔ سماء