سعدرفیق بھی شیخ رشید کے نقش قدم پر
کراچی: سیاست اورمخالفین پرتنقید کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ گزشتہ دنوں مشن لاک ڈاؤن اسلام آباد کے دوران شیخ رشید پر طنز کے ڈونگرے برسانے والے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی شیخ صاحب کے نقش قدم پر چل پڑے۔
اٹھائیس اکتوبرکو جلسہ کرکے دکھانے کا چیلنج پورا کرنے والے شیخ رشید گرفتاری سے بچنے کیلئے راولپنڈی کے کمیٹی چوک پرموٹرسائیکل پربیٹھ کر پہنچےتھے اورخطاب کے بعد یہ جا وہ جا ہوئے تومسلم لیگ ن کی جانب سے شیخ رشید کی موٹرسائیکل یاترا پرانہیں خاصے آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا۔
شیخ رشید توخود کوعوامی سیاستدان قراردیتے ہیں ،موٹرسائیکل سواری کو بھی انہوں نے اسی سے جوڑا مگر وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق بھی تنقید کرنے کے بعد اب انہی کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے آفیشل فیس بک پیج پرایک ویڈیوشیئر کی گئی ہے جس میں خواجہ سعد رفیق اپنے حلقے کا دورہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کرکر رہے ہیں۔
حلقہ این اے 125 کے دورے کی یہ ویڈیو دیکھ کر واقعی لگتا ہے کہ سیاست میں اپنے لیے سب جائز ہے۔ سماء