سوات کی گل مکئی کو نشانہ بنانے والا 10 رکنی دہشتگرد گروہ گرفتار
اسٹاف رپورٹ
راولپنڈی : سوات میں 2 سال قبل ملالہ یوسف زئی اور ان کی 2 سہیلیوں کو نشانہ بنانے والا 10 رکنی دہشتگرد گروہ گرفتار کرلیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطاق شوریٰ نامی گروہ ملا فضل اللہ کی ہدایت پر کام کرتا تھا، تمام ملزمان کا تعلق مالا کنڈ سے ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ سوات کی گل مکئی پر شورٰی نامی گروہ نے حملہ کیا تھا، یہ گروہ ملا فضل اللہ کی ہدایات پر کام کرتا تھا اور اس میں 10 افراد شامل تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 9 اکتوبر 2012ء کو سوات میں نشانہ بنایا گیا تھا، گل مکئی کو سی ایم ایچ پشاور پھر راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ لے جایا گیا، جہاں سے علاج کیلئے انہیں برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، 17 اکتوبر کو ملالہ کومے سے باہر آگئیں۔ سماء