اسرائیلی ہتھکنڈے ناکام، غزہ میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے لگیں
غزہ : اسرائیلی ہتھکنڈے ناکام ہورہے ہیں، فلسطینیوں کے معاشی قتل عام اور دنیا میں تنہا کرنے کی کوششوں کے باجود غزہ میں زندگی لوٹنے لگے، معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
اسرائیلی بربریت کے باوجود غزہ کے فلسطینیوں نے تمام مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، تعلیمی اور معاشی سرگرمیاں جنگی حالات کے باوجود جاری ہیں، اسرائیلی سرحد سے چند سو گز کے فاصلے پر غزہ میں معروف کمپنی کوکا کولا نے اپنے پہلے پیداواری یونٹ کا آغاز کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کمپنی کے برانچ منیجر یاسر عرفات کا کہنا تھا کہ یہ آسان کام نہیں تھا، بڑی مشینوں کی خریداری اور انہیں غزہ میں لانا انتہائی دشوار کام تھا کیونکہ مختلف ممالک سے آنیوالے مشینوں کو غزہ لانے کیلئے ہمیں خصوصی تعاون کی ضرورت تھی تاہم بالآخر ہم یہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
Gazans hope Coca-Cola plant refreshes economy pic.twitter.com/fIOu91gduU
— AFP news agency (@AFP) December 2, 2016
ان کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری ہے، حماس یا کوئی بھی حکومت ہو وہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہے گی، بیرونی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا اور بیروزگاری میں کمی ہوگی، سب جانتے ہیں کہ اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ میں بیروزگاری عروج پر ہے۔ ایجنسیز