وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے سے غائب ہیں، ان کا اشتہار دینا چاہئے، چوہدری نثار
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بہتر گورننس کی ضرورت ہے، صوبے میں سیکیورٹی کے سب سے زیادہ خدشات ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اسلام آباد میں انقلاب کیلئے آئے ہوئے ہیں اور صوبے سے غائب ہیں، ان کا تصویر کے ساتھ گمشدگی کا اشتہار دینا چاہئے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوں تو پورے ملک میں ہی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے مگر خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات سب سے زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اپنے صوبے میں توجہ دینے کی بجائے اسلام آباد میں انقلاب برپاء کرنے آئے ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا کی عوام انہیں ڈھونڈ رہی ہے، لگتا ہے کہ ہمیں وزیراعلیٰ کی گمشدگی کا اشتہار دینا پڑے گا تاکہ انہیں پتہ چلے کہ ان کے صوبے کو ان کی اشد ضروری ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا بچہ بچہ گڈ گورننس کی تلاش میں ہے، اس وقت آئی ڈی پیز کو وزیراعلیٰ کی ضرورت ہے مگر وہ غائب ہیں، عمران خان، طاہر القادری کے ہمراہ انقلاب لانے آئے ہیں، انقلاب تو ان لوگوں کیخلاف لانے کی ضرورت ہے جو عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں۔
چوہدری نثار کہتے ہیں کہ یہ بات انتہائی قابل افسوس ہے کہ ریاستی اداروں پر حملہ کرنے والوں کی تشہیر کی جارہی ہے، خیبرپختونخوا کے پارلیمنٹیرینز بھی صوبائی حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔ سماء