متحدہ کے استعفے سیاسی چال قرار
اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی نے متحدہ قومی موومنٹ کے استعفوں کو سیاسی چال قرار دے دیا، ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ استعفوں کی منظوری کی خبر پر فاروق ستار کے تاثرات اہم تھے، اسحاق ڈار سے کامیاب مذاکرات کے بعد متحدہ نے استعفے واپس لے لئے تھے، ظفر علی شاہ کی درخواست خارج کی جائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین کے استعفوں سے متعلق معاملے پر سپریم کورٹ میں جواب داخل کرادیا، انہوں نے متحدہ کے استعفوں کو سیاسی چال قرار دے دیا۔
ایاز صادق نے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے استعفے سیاسی نوعیت کے تھے، جو آپریشن پر تحفظات پر دیے گئے، جن کا مقصد مطالبات کی منظوری کیلئے دباؤ ڈالنا تھا، استعفوں کی منظوری کی خبر پر فاروق ستار کے تاثرات اہم تھے۔
وہ کہتے ہیں کہ فاروق ستار کی جانب سے استعفوں کی منظوری کو دوہرا معیار قرار دیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کامیاب مذاکرات کے بعد متحدہ رہنماؤں نے استعفے واپس لے لئے تھے، 5 نومبر 2015ء کو استعفے واپس لینے کی درخواست کی گئی، جو منظور کرلی تھی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ نے اپنے جواب میں استدعا کی ہے کہ ظفر علی شاہ کی دائر درخواست خارج کی جائے۔ سماء