عمران خان نے برطانیہ آنے کی وجہ بتادی
لندن: پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کوئی سازش نہیں ہو رہی، میں بچوں سے ملنے آیا ہوں اور اتوار کو واپس جارہا ہوں، نہ کوئی لندن پلان ہے۔
مانچسٹر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما شریف کی وجہ سے پانچ ماہ سے بچوں سے نہیں مل سکا اس لئے برطانیہ آیا ہوں۔
پاناما لیکس کی تحقیقات پر عمران خان نے کہا عدالت کی کارروائی پر مکمل اعتماد ہے، عدالت بھی جلد فیصلہ کرنا چاہتی ہے جو ملک کے لئے خوش آئند چیز ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے بتایا کہ میں چاہتا تھا حامد خان پیروی کریں، ان سے بیس سال پرانے تعلقات ہیں لیکن معلوم نہیں ان پر اتنا میڈیا پریشر کہاں سے پڑگیا۔ انہوں نے کہا اعتزاز احسن یا نعیم بخاری کے معاملے پر فیصلہ وطن واپس جاکر کروں گا۔
عمران خان نے کہا ملک میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ملک کا چیف ایگزیکٹو کٹہرے میں کھڑا ہے۔ ثبوت فراہم کرنا صرف ہماری ذمہ داری نہیں ہم عدالت کی مدد کررہے ہیں، جبکہ بے گناہی ثابت کرنا نواز شریف کی ذمہ داری ہے۔ سماء