پیپلزپارٹی نے انتظامی یونٹ بنانے کیخلاف قرار داد اکیلے ہی منظور کرلی
رپورٹ
کراچی : سندھ اسمبلی میں صوبے کی تقسیم کیخلاف قراردار منظور کرلی گئی، نشستوں کے معاملے پر ایوان مچھلی بازار بن گیا، اپوزیشن ارکان نے پہلے دھرنا دیا، پھر بھی بات نہ بنی تو واک آؤٹ کرگئے۔
سندھ کی تقسیم نامنظور، پیپلزپارٹی نے صوبائی اسمبلی میں اکیلے اکیلے ہی قرار داد منظور کرلی، اس سے قبل قائد حزب اختلاف شہریار مہر یہ قرار داد پیش کرنا چاہ رہے تھے، جسے لانے نہیں دیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیر صدرات اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی ہنگامہ ہوگیا، نصرت سحر عباسی بھی خوب گرجیں برسیں، نشستوں کے معاملے پر بھی اپوزیشن ارکان بھڑک اٹھے، شرجیل میمن بولے اسپیکر کا فیصلہ جسے جہاں مرضی بٹھائیں۔
اپوزیشن اور حکومتی بنچوں میں تلخی بڑھی اور ایوان مچھلی بازار بن گیا، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو شہریار مہر کا مائیک بند کرنے کے مشورے ملے، ہنگامہ آرائی کے بعد اپوزیشن ارکان اسمبلی سے واک آوٹ کرگئے۔ سماء