عمران اور قادری نفرت، ٹکراؤ اور گھٹیا الزامات کی سیاست کررہے ہیں، رانا ثناء
اسٹاف رپورٹ
لاہور : پنجاب کے سابق وزير قانون رانا ثناء اللہ کہتے ہیں عمران خان اور طاہر القادری، نفرت، ٹکراؤ اور گھٹيا الزامات کی سياست کررہے ہيں، رانا ثناء نے چوہدری برادران کیلئے بھی پنجابی فلم کے ڈائیلاگ کا سہارا لیا۔
لاہور ميں سياحت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ تقريب کے موقع پر ميڈيا سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لندن پلان اب کھلی کہانی ہے اور جنہوں نے عمران خان اور طاہر القادری کے ملاقات کروائی، ان کیلئے پنجابی فلم کا مشہور ڈائيلاگ ياد آتا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان روزانہ نئے انکشاف اور عوام کے سمندر کی بات کرتے ہيں اور اسی طرح طاہر القادری گھر بيٹھنے کو حرام قرار ديتے ہيں ليکن عوام دونوں کے دعوؤں کو غلط ثابت کرديتے ہيں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کے سنجيدہ لوگ شکر ادا کرتے ہيں کہ عمران خان وزيراعظم نہيں بن سکے ہيں۔ سماء