بھارتی جارحیت میں شہید اہلکاروں کی تفصیلات اور تصاویر جاری
اسلام آباد : آئی ایس پی آر نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت میں شہید 7 فوجیوں کی تفصیلات اور تصاویر جاری کردیں۔
آئی ایس پی آر نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں بھمبر میں شہید 7 فوجی جوانوں کی تفصیلات جاری کردیں، واقعے میں حوالدار ظفر حسین، حوالدار ابرار احمد، لانس نائیک محمد شوکت، لانس نائیک محمد حلیم، سپاہی پرویز، سپاہی محمد الیاس اور سپاہی محمد تنویر شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید حوالدار ظفر حسین کا تعلق مری، شہید حوالدار ابرار احمد اعوان کا تعلق مظفر آباد، شہید لانس نائیک محمد شوکت حویلی کہوٹہ، شہید لانس نائیک محمد حلیم لکی مروت، شہید سپاہی پرویز اٹھ مقام، شہید سپاہی محمد الیاس تلہ گنگ جبکہ شہید سپاہی محمد تنویر کا تعلق سماہنی آزاد کشمیر سے ہے۔ آئی ایس پی آر نے شہداء کی تصاویر بھی جاری کردیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات بھمبر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 پاکستانی فوجی جاں بحق ہوگئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن فوج کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، کئی چوکیاں بھی تباہ کردی گئیں۔ سماء