حکومت نے سابق گورنر،ایم کیوایم بانی کیخلاف بیان مستردکردیا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے متعلق مسلم لیگ ن کے سینیٹرنہال ہاشمی کا بیان مستردکردیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سینیٹر نہال ہاشمی کے بیان پرفوری ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نہال ہاشمی کےبیان سےلاتعلقی کا اظہارکرتی ہے۔ ان کا بیان حکومت یا پارٹی کا مؤقف نہیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق سینیٹرنہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، جسے وفاقی حکومت یا پارٹی سے نہ جوڑا جائے۔
واضح رہے کہ نومنتخب گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کی تقریب حلف برداری کے بعد گورنرہاؤس کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج عوام کا گورنر آگيا، گورنر ہاؤس میں دہشتگرد تنظیم نے ڈیرہ ڈال رکھا تھا مگر آج دہشت کی آخری نشانی بھی ختم کردی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج الطاف حسین اور پاکستان کے نہ ماننے والوں کے دور کا خاتمہ ہوگیا۔ آج سے 14 سال پہلے مشرف کے دور میں یہاں ایسے لوگوں نے ڈیرہ ڈالا تھا جو پاکستان کے خلاف تھے۔ سماء