افغانستان میں آپریشن کے دوران 9کمانڈروں سمیت90 جنگجو ہلاک
کابل: افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران 9کمانڈروں سمیت90طالبان جنگجو مارے گئے ہیں،قندوز میں عنقریب فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیاہے، پکتیاءمیں ایک دھماکہ میں 5پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ جنوبی صوبہ ہلمند میں گزشتہ ایک ہفتے سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جای ہے اوراس دوران 9کمانڈروں سمیت90طالبان جنگجو مارے گئے ہیں۔حکام کے مطابق کارروائیوں میں طالبان کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
افغان فورسز نے شمالی صوبہ قندوز میں آپریشن شفق ٹو شروع کرنے کا اعلان کیاہے۔ قندوز پولیس کے کمانڈر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبہ میں عنقریب فوجی آپریشن کا آغاز کیا جارہاہے۔
قندوز پر حالیہ مہینوں میں کئی حملے ہوئے ہیں اوردو مرتبہ صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں پر طالبان اپنا جھنڈا لہرا چکے ہیں۔مشرقی صوبہ پکتیاءمیں ایک دھماکہ میں 5پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ گردیز کے نواح میں پولیس کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔تاہم ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
جنوبی صوبہ زابل میں ایک جھڑپ میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے، حکام کے مطابق جھڑپ میزانئی ضلع میں ہوئی۔شمالی صوبہ سرائے پل میں طالبان نے مغوی پولیس اہلکار کا سر قلم کردیا۔ سماء /اے پی پی