گورنر سندھ کی تبدیلی، صوبائی حکومت کا شکایتوں بھرا ردعمل
کراچی : گورنر سندھ کو ہٹانے کی باتوں پر صوبائی حکومت نے بھی رد عمل دے دیا، مولا بخش چانڈیو کہتے ہیں گورنر سندھ کی تقرری پر مشاورت ہونی چاہئے تھی، وزیراعظم کو ریاستیں اور محل بنانے کا شوق ہے، جمہوریت کا نہیں، چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کرنا وفاق کیلئے نقصان دہ ہوگا۔
وفاق نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا، سعید الزماں صدیقی نئے گورنر سندھ ہوں گے، سندھ حکومت نے وفاق کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کردیا۔
مولا بخش چانڈیو نے وفاق سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کی تقرر پر مشاورت ہونی چاہئے تھی، ڈاکٹر عشرت العباد خان بہترین گورنر ہیں، ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔
وہ بولے کہ وزیراعظم کو ریاستیں اور محل بنانے کا شوق ہے، جمہوریت کا نہیں، ان کی حکومت کا انداز شاہانہ ہے، میاں صاحب کا چھوٹے صوبوں کے ساتھ رویہ درست نہیں، چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کرنا وفاق کیلئے نقصان دہ ہے، ملکی سلامتی کیلئے چھوٹے صوبوں کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ سماء