پرویز مشرف نے سیاسی نظام کی تبدیلی کا نعرہ لگادیا، دھرنے والوں کی حمایت

ویب ایڈیٹر

کراچی : سابق صدر پرویز مشرف کہتے ہیں کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو بھی کام کرے گا اس کا ساتھ دوں گا، دھرنے والوں کا مؤقف حق اور سچ پر مبنی ہے، 2013ء عام انتخابات سے متعلق خدشات درست ثات ہوگئے، کوئی تبدیلی نہیں آئی، غداری کا مقدمہ قائم ہونے پر افسوس ہوا، زندگی بھر کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا جو غیر آئینی ہے،  نوشتہ دیوار یہ ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ مجھے اعتماد تھا پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکتا ہے، 1990ء سے 2 جماعتیں بار بار باریاں لے رہی ہیں، میری سوچ تھی پاکستانی سیاسی نظام میں تبدیلی لانا ہوگی، تبدیلی سے ہی حالات بدلے جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خطرات کے باوجود پاکستان واپس آیا، میری کیفیت ایک عام آدمی کی سوچ سے مختلف ہے، ہمیشہ اپنی ذات سے بالاتر ہوکر ملک کے بارے میں سوچا، وطن اور قوم کی محبت میں پاکستان واپس آیا، وسائل ہونے کے باوجود ملک کا ترقی نہ کرنا افسوسناک ہے، عوام کا حال خراب سے خراب تر ہورہا ہے۔

پرویز مشرف کہتے ہیں کہ کیسز کے بھنور میں کودنے کا فیصلہ کیا، میں نے اس ملک کو ترقی و خوشحالی دی، مجھ پر غداری کا کیس بنایا گیا، آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلنے پر افسوس ہے، ہمیشہ کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا، جو غیر آئینی ہے، مجھے امید ہے انصاف ضرور ملے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن 2013ء سے متعلق میرے خدشات درست ثابت ہوئے، پاکستان کے سیاسی ماحول میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، وہی نظام، وہی لوگ اور پاکستان کو اسی طرح تباہ کیا جارہا ہے، پہلے الیکشن ریفارمز اور پھر انتخابات ہونے چاہئیں۔

اے پی ایم ایل کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ عدل و انصاف نہ ملنے پر دھرنے ہورہے ہیں، دھرنے والوں کا مؤقف درست ہے، میں سچائی اور حق کی طرف ہوں، عوام کیلئے بات کرنیوالوں کیساتھ ہوں، نواز شریف پاکستان کو ترقی دے رہے ہوں تو ان کا بھی ساتھ دوں گا، میرے اور طاہر القادری کے ساتھ کی باتیں بچکانہ ہیں، میں کسی کے نقش قدم پر نہیں چلتا، میری اپنی سوچ اور نظریہ ہے۔

سابق صدر کہتے ہیں کہ وزیراعظم بننے کی کوئی لالچ نہیں، پاکستان کیلئے ہر وقت کام کرنے کو تیار ہوں، ملک میں تبدیلی لانی ہے، اب پاکستان میں تبدیلی آتی نظر آرہی ہے، تیسری پولیٹیکل فورس بنانا ہوگی۔ سماء

parliament

fbi

lawyers

Tabool ads will show in this div