طاہر القادری کی کراچی اور لاہور کے کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : علامہ طاہر القادری نے کراچی اور لاہور کے کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کردی، کہتے ہیں انقلاب کی جنگ نہ رکی تھی نہ رکے گی، نظام بچانے کی بات کرنیوالے لوگوں کی جان بچائیں، نظام کیخلاف انقلابی اور انتخابی جنگ لڑیں گے، پارلیمنٹ نہ مارشل لاء میں آزاد تھی نہ اب ہے۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کراچی اور لاہور کے کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں محرم کے بعد مزار قائد پر جلسہ ہوگا، تاریخ کا اعلان بعد میں کریں گے، کارکن واپس جاکر عظیم الشان جلسے کیلئے فضاء بنائیں، کارنر میٹنگز کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ نظام بچانے کی بات کرنیوالے لوگوں کی جان بچائیں، نظام کیخلاف انقلابی اور انتخابی جنگ لڑیں گے، موجودہ نظام مجرموں کو پیدا کررہا ہے، ایسے نظام کو نہیں چلنے دیں گے، پارلیمنٹ نہ مارشل لاء میں آزاد تھی نہ اب ہے، انقلاب کی جنگ نہ رکی تھی نہ رکے گی۔
پی اے ٹی سربراہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے ڈیڑھ سال تک سینیٹ میں قدم نہیں رکھا، انتخابی اصلاحات کیلئے لانگ مارچ کیا، ظالموں کو للکارنے شہر شہر جاؤں گا، انقلاب کا پیغام ہر شہر میں پھیلے گا، انقلاب کیلئے پوری قوم کو نکلنا پڑتا ہے۔ سماء