تبدیلی کوئی اورنہیں ہم لیکرآئیںگے، وزیراعظم

Oct 28, 2016

PM Speech SOT 28-10

[video width="640" height="360" mp4="http://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2016/10/PM-Kohat-PKG-28-10-RAHEEL.mp4"][/video]

کوہاٹ :وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا بہترین اور خوشحال ملک بنے گا، حزب اختلاف کو یہی فکرکھائے جارہی ہے کہ کہ ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر جاری رہا تو دو ہزار اٹھارہ میں ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔تبدیلی کوئی اور نہیں ہم لیکر آئیں گے۔ کوہاٹ کی مختلف یونین کونسلوں کے لئے گیس کی فراہمی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تبدیلی کوئی اور نہیں ہم لے کر آ رہے ہیں۔ کوہاٹ کو براستہ جنڈ، پنڈی گھیب بہترین ہائی وے کے ذریعے موٹر وے سے ملایا جائے گا، کوہاٹ سے کرک اور سرائے گھمبیلہ شاہراہ کو بھی بہترین ہائی وے بنایا جائے گا، کوہاٹ میں 3.9 ارب روپے کی لاگت سے سوئی گیس کی فراہمی، جدید ہسپتال، ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کرنے، کوہاٹ یونیورسٹی کا ویمن کیمپس قائم کرنے اور پنڈی سے کوہاٹ ریل کار سروس شروع کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے عوام کا جذبہ دیکھ کر آج میرا دل باغ باغ ہو گیا ہے۔صوبہ کے اندر کوئی تسلی بخش کام ہو رہا ہوتا تو اتنی بڑی تعداد میں لوگ مسلم لیگ (ن) میں نہ آئے ہوتے، یہاں کیا ترقی ہو رہی ہے وہ مجھ سے بہتر آپ جانتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کتنا تبدیل ہوا ،آپ بہتر جانتے ہیں لیکن کے پی کے کو تبدیل ہونا چاہئے اور انشاءﷲ وہ تبدیلی ہم لے کر آئیں گے۔

انہوں نے عوام سے استفسار کیا کہ آج جب کوہاٹ سے ہائی ویز بنیں گی، موٹر ویز بنیں گی تو کیا یہ کوہاٹ ایک نیا ضلع اور شہر بنے گا یا نہیں؟ جب کوہاٹ کے اندر سوئی گیس آئے گی تو کیا کوہاٹ تبدیل ہوگا یا نہیں؟، وزیراعظم نے کہا کہ آج آپ کے سامنے میں نے کوہاٹ کو سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا ہے، 3.9 ارب روپے کی لاگت سے کوہاٹ کو سوئی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ چھوٹا منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کوہاٹ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ والوں کے لئے ایسا کبھی کسی نے سوچا تھا، کس نے آج تک کوہاٹ کو گیس دینے کی بات کی ہے؟، ہم بات کرنے نہیں آئے یہ منصوبہ شروع کرنے آئے ہیں، آج اس کا افتتاح کیا جا رہا ہے اور آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جب نواز شریف کوئی وعدہ کرتا ہے تو وہ پورا کر کے رہتا ہے۔

آج کوہاٹ کے لئے ایک تاریخی دن ہے ، نہ صرف کوہاٹ بلکہ خوشحال گڑھ، استر زئی، شیر کوٹ، علی زئی، نصرت خیل، ڈوڈہ اور لکی کو بھی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پر تین ارب 90 کروڑ روپے یعنی تقریباً 400 کروڑ روپے خرچہ آئے گا، یہ 400 کروڑ میرے کوہاٹ کے جوانوں، بزرگوں، بہنوں، ماﺅں پر قربان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 400 کروڑ کی کوئی حیثیت نہیں، نواز شریف کی جان بھی آپ پر قربان ہے۔ انہوں نے کہا کوہاٹ کے عوام کے لئے ایک اور تحفہ بھی لایا ہوں۔ کوہاٹ کو براستہ جنڈ، پنڈی شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہائی وے کی تعمیر سے آپ اسلام آباد اور پشاور سے نزدیک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سے کرک ، کرک سے سرائے گھمبیلہ نیشنل ہائی وے کو دگنا چوڑا کیا جائے گا اور یہ آگے جا کر موٹر وے سے ملے گی۔ یہ بہت بڑا منصوبہ ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کوہاٹ کے لئے ایک بہترین اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اب کسی  بیمارکو اسلام آباد یا پشاورنہیں جانا پڑے گا، کوہاٹ کے اسپتال میں ہی تمام امراض کا علاج ہوگا۔  کوہاٹ کے غریب اور مستحق عوام کے لئے مفت علاج کا ایک منصوبہ لے کر آ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر خواتین کے لئے کوہاٹ یونیورسٹی کے ویمن کیمپس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے کوہاٹ ریل کار سروس شروع کی جائے گی، ابتدا میں اسے تجرباتی بنیاد پر شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ضلع کونسل کوہاٹ کے لئے 20 کروڑ روپے اور تحصیل کونسل کوہاٹ کے لئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ 2018میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ  ہمیشہ کے لئے ختم کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کو یہی فکر اورغم کھائے جا رہا ہے کہ اگر ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر جاری رہا تو 2018تک ان کی سیاست ختم ہو جائے گی لیکن عوام جان چکے ہیں کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں انہوں نے تین سال میں کچھ نہیں کیا۔ انشاءﷲ آپ کے صوبہ میں بھی  2018 تک میں ن لیگ کی حکومت آئے گی اوریہاں بھی خدمت کا سفربھرپور طریقے سے شروع کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ آج ملک اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور معیشت بہتر ہو رہی ہے اور یہ دعوے ہم نہیں کر رہے بلکہ پوری دنیا یہ کہہ رہی ہے۔ چند دن پہلے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سربراہان آئے، انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی تعریف کی یہ پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل پر وہ افتتاح کے لئے دوبارہ کوہاٹ آئیں گے او عوام کو مبارکباد دیں گے۔ سماء

KPK

PML N

Kohat