کراچی میں ڈاکو راج 2 کروڑ روپے لوٹ لئے گئے، محافظ قتل

اسٹاف رپورٹ


کراچی: شہر میں ڈاکوؤں کو کھلی چھٹی مل گئی ہے۔ ایک اور بینک اور کیش وین سے دو کروڑ روپے لوٹ لئے گئے، مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو قتل اور دو کو زخمی کردیا گيا۔ گلشن اقبال میں بینک لوٹنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بلال چورنگی کے قریب نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے ایک موٹرسائیکل سوارٹکرایا۔ اسی دوران جیسے ہی کیش وین میں موجود گارڈ نے گیٹ کھولا تو پانچ موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد آگئے.

ڈاکووں اور سیکیورٹی گارڈ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی گارڈ میر قابل جاں بحق اورمیرزمان سمیت دو سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے۔ مسلح ڈاکو ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کرفرار ہوگئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیش وین میں سات کروڑ روپے موجود تھے.
 
اس سے قبل ایک اوربینک کا صفایا کیا گیا۔ سولجربازار میں جماعت خانے کے قریب نجی بینک میں شلوارقمیض پہنے سات ڈاکو داخل ہوئے اورانتہائی اطمیان سے پانچ منٹ میں چوالیس لاکھ روپے لوٹ کرفرار ہوگئے۔

پوليس حکام کا کہنا ہے کہ بینک ڈکیتی میں وہی گروہ ملوث ہے جس نے حال ہی میں گلستان جوہر،گلبہار ، گلشن اقبال میں چھ بینکوں میں وارداتیں کی ہیں ۔
 
ادھرگلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کےقریب بھی ڈاکو بینک لوٹنے پہنچے ہي تھے کہ  پولیس کا ان سے ٹکراو ہوگیا۔ فائرنگ کےتبادلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو سمیت دو کو رنگے ہاتھوں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
ڈاکووں کی شناخت عمرزمان اور محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکووں کے تین ساتھی ایک گاڑی چھین کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ڈاکووں کی سوزوکی پک اپ قبضے میں لے لی ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار دونوں ڈاکو دوہزار پانچ میں بینک ڈکیتوں میں گرفتار ہوچکے ہیں ۔۔

شہرمیں بیشتر نجی سیکیورٹی کمپنیاں ایسی ہیں جو گارڈز کو کسی قسم کی تربیت کے بغیرہی صرف یونیفارم اور ہتھیار دیکر کھڑا کردیتے ہیں ۔ سولجربازار میں لٹنے والے بینک ميں بھي نجی سیکیورٹی گارڈ خانزادہ نے تین ماہ قبل ہی ملازمت اختیار کی تھی۔
 
 پولیس حکام کا کہتے ہيں کہ بینکوں میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے ذمہ دار بینک انتظامیہ بھي ہے۔ اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اچانک اضافے سے پريشان شہریوں نے مطالبہ کيا ہے کہ حکومت ڈاکوؤں کو لگام دے۔

میں

burger

premier

VIP

experts

christians

کروڑ

Tabool ads will show in this div