پنجاب اسمبلی : اراکین کو وی آئی پی پاسپورٹ جاری کرنیکی قرار داد منظور
اسٹاف رپورٹ
لاہور : وی آئی پی کلچر کے فروغ کی کوششيں پنجاب اسمبلی تک بھی پہنچ گئی ہیں، ایوان نے اسپيکر اور ڈپٹی اسپيکر کیلئے ڈپلوميٹک اور ايم پی ايز کیلئے بليو پاسپورٹ جاری کرنے کیلئے قرار داد منظور کرلی۔
اسمبلی اجلاس کے ايجنڈے ميں پہلے سے 5 قرار داديں موجود تھيں، جن ميں سے 2 مسترد اور 3 منظور کرلی گئيں ليکن وی آئی پی پروٹو کول کی قرار داد ايجنڈے ميں موجود نہ ہونے کے باوجود اسپيکر نے پيش کرنے کی اجازت دے دی، ڈپلوميٹک اور بليو پاسپورٹ کی قرار داد وزير قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پيش کی۔
بليو پاسپورٹ کے حصول کی قرار داد ميں اسپيکر کی منشاء تو پہلے ہی تھی، پھر اپوزيشن ارکان نے بھی اس قرار داد کی مخالفت کی بجائے بھرپور حمايت کی اور اس طرح يہ قرار داد متفقہ طور پر منظور ہوگئی۔
قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کروانے کے بعد جب اپوزيشن ارکان اسمبلی ميڈيا کے سامنے آئے تو قرار داد کی مخالفت شروع کردی جبکہ وزير قانون اس کے حق ميں دلائل ديتے رہے۔
قرار داد ميں وفاقی حکومت سے مطالبہ کيا گيا ہے کہ فی الفور ارکان پنجاب اسمبلی کو بليو جبکہ اسپيکر اور ڈپٹی اسپيکر کو ڈپلوميٹک پاسپورٹ جاری کيا جائے۔ سماء