صوبے کی تقسیم کیخلاف قومی عوامی تحریک کی اندرون سندھ ہڑتال
اسٹاف رپورٹ
حیدرآباد : نئے صوبے کے مطالبے کیخلاف قومی عوامی تحريک کی اپيل پر اندرون سندھ میں ہڑتال کی گئی اور مختلف شہروں ميں مظاہرے بھی ہوئے۔
سندھ کی تقسيم مسترد کرتے ہوئے قومی عوامی تحريک کی کال پر اندرون سندھ میں شٹر ڈاؤن اور پہيہ جام ہڑتال کی گئی، حیدرآباد میں نسیم نگر چوک پر قومی عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، نوشہرو فیروز میں بھی شٹر بند اور پہیہ جام ہڑتال ہوئی، کارکنوں نے شہر کے مرکزی چوک پر ٹائر جلاکر احتجاج ريکارڈ کرایا۔
ميرپور خاص ميں جزوی ہڑتال رہی، کئی مقامات پر بازار بند اور سڑکيں ويران تھیں، ٹھٹھہ اور سجاول میں سندھیانی تحریک کی ڈنڈا بردار خواتین نے احتجاج کرکے کاروباری مراکز بند کرادیئے، سندھ کی تقسيم کے بيانات کے خلاف دادو ميں قومی عوامی تحريک کے کارکنوں نے ايس پی چوک پر احتجاج کيا اور ٹائر جلائے۔
سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، نوابشاہ اور ٹنڈوالہیار سمیت دیگر چھوٹے شہروں میں بھی کاروباری مراکز ویران رہے، سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم تھا۔ سماء