عمران خان کو ترقی،امن کاسفرروکنےکی اجازت نہیں دینگے،پرویزرشید

Pervaiz Rasheed Mardan 16-10 مردان : پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ترقی اور روشنی کے سفر کو عمران خان کے ہاتھوں رکنے نہیں دیں گے، مسلم لیگ (ن) نے کبھی حملوں اور یلغار کی سیاست نہیں کی، ہم نے ہیمشہ پرچی اور ووٹ کی طاقت سے کامیابی حاصل کی، مخالفین برچھی اور انتشار کی سیاست کی باتیں کرتے ہیں، رائیونڈ پر حملے میں ناکامی کے بعد اسلام آباد پر حملہ کرنے والے عمران خان 30 اکتوبر کو بھی ناکام ہوں گے ، سازشیں اور یلغار کی سیاست کرنے والے پاکستان کے ہمدرد نہیں ہو سکتے،عوام ان سے 2018ءکے انتخاب میں شیر پر مہر لگا کر بدلہ لیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ نے کبھی حملوں اور یلغار کی سیاست نہیں کی، ہم نے پرچی اور ووٹ کی طاقت اور سیاست سے کامیابی حاصل کی، مخالفین برچھی اور انتشار کی سیاست کی باتیں کرتے ہیں، رائیونڈ پر حملے میں ناکامی کے بعد اسلام آباد پر حملہ کرنے والے عمران خان 30 اکتوبر کو نظر نہیں آئیں گے ،سازش کے ذریعہ گڑ بڑ کی باتیں کرنے والے عوام کے ہمدرد نہیں ہو سکتے، عوام ان سے 2018ءکے انتخاب میں بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت اور جوش و خروش کو دیکھ کر میرا دل کرتا ہے، ایک پاکستانی دوسرے پاکستانی کے ساتھ دل کی بات کرتا ہے کیونکہ پاکستانی کی حیثیت سے ہمارے دکھ اور خوشیاں ایک ہی ہے، ہماری خوشی اور غمی مشترک ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ پاکستانی تکلیف میں ہوں اور وزیراعظم چین سے سوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اور عوام کا رشتہ دکھ اور درد اور خوشی کا رشتہ ہے، عوام کے دکھ اور تکلیف کو ختم کرنے کیلئے دو دفعہ نہیں بلکہ تین مرتبہ نواز شریف نے ملک کی خدمت کی ہے، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ نواز شریف کی سیاست میں ملک کی خدمت نہیں ہوئی۔ انہوں نے اپنا سکھ اور چین ملک کے عوام کیلئے بار بار قربان کیا، اس جلسہ کی تعداد اور عوام کی بھرپور شرکت کے تناظر میں میں بھی کہوں کہ میں اس جلسہ کے ساتھ کسی کے گھر پر حملہ کروں گا تو ایسا نہیں ہوسکتا کیونکہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی حملوں اور یلغار کی سیاست نہیں کی، مسلم لیگ کی قیادت اور نواز شریف جیلوں میں قید رہے ہیں، نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے ملک کیلئے جیلیں بھگتی ہیں اور سالہا سال جیل میں گزارے لیکن انتشار اورلوگوں کے گھروں پر حملوں کی سیاست نہیں کی، ہم لوگوں کے گھروں تک نہیں گئے بلکہ اس دن کا انتظار کیا کہ عوام ووٹ دے کر اپنی قیادت منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کے پی کے میں عمران خان کو منتخب کیا لیکن ان کے پاس اکثریت نہیں تھی ، ہم نے کے پی کے میں عمران خان کو حکومت بنانے کا موقع دیا، آج بھی عمران خان کی کے پی کے کی حکومت مسلم لیگ (ن) کی مرہون منت ہے، ہم اپنے قائد کے ایک اشارے پر صوبائی اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کر سکتے ہیں لیکن ہم انتشار کی سیاست نہیں چاہتے اور تحریک انصاف کو موقع دیتے ہیں کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ کے سکول، اسپتال ٹھیک ہو گئے ہیں، یہ سب وعدے مکمل نہیں ہوئے، اب کہتے ہیں کہ درخت لگائیں گے لیکن اٹک کے پل سے لے کر مردان تک کوئی ایک بھی درخت نہیں لگایا گیا ، صرف وعدہ ہی کیا گیا اور اربوں روپے درختوں کے نام پر رکھے گئے ہیں ،اس کا حساب 2018ءکے انتخاب میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے رائیونڈ پر حملہ کیا اور ناکام ہوئے اور اب کہتے ہیں کہ 30 اکتوبر کو اسلام آباد پر حملہ کریں گے لیکن عمران خان 30 اکتوبر کو بھی ناکام ہوں گے بلکہ یہ چھپ جائیں گے، وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاکستان میں خدمت ، دہشت گردی کے خاتمہ اور ترقی کا سفر شروع کیا ہے، ہم اس سفر کو عمران خان کے ہاتھ سے رکنے نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں کو امن ملے گا کیونکہ ہمیں سب سے زیادہ امن کی ضرورت ہے، ملک کے اندر اور باہر بھی امن چاہئے اور یہ امن صرف وزیر اعظم نواز شریف دے سکتے ہیں کیونکہ وہ اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ ہماری مائیں اور بہنیں اپنے پیاروں کے انتظار میں بیٹھی رہیں، ملک میں امن اور روشنی اور موٹرویز کے ذریعہ ایک دوسرے سے ملانا نواز شریف کا ایجنڈا ہے۔ سماء

IMRAN KHAN

PERVAIZ RASHEED

Ameer Muqam

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div