آرمی چیف کا دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے پروانے پر دستخط
راولپنڈی : آرمی چیف نے 10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، مجرمان پولیس، فوجی جوانوں، شہریوں اور پولیو ورکرز پر حملوں میں ملوث تھے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مزی د10 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر فوجی عدالتوں نے سزا سنائی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد پولیس، فوجی جوانوں، شہریوں اور پولیو ورکرز کے قتل میں ملوث تھے، دہشت گردوں نے این جی او ورکرز کو بھی قتل کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملزم محمد شاہد نے این جی اوز کے 11 ملازمین کو قتل کیا، ملزم شاہد 2 خواتین پولیو ورکرز سمیت کئی افراد کا قاتل ہے، ملزم حسین نے میجر مصطفیٰ اور کیپٹن وسیم سمیت متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ موت کی سزا پانے والا ملزم ظفر ایف سی صوبیدار اول خان، نائیک عظمت اللہ کے قتل میں ملوث ہے جبکہ ملزم انور زیب نے پولیس سب انسپکٹر کو قتل کیا تھا۔
واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد سے فوجی عدالتوں کے ذریعے سزائے موت پانے والوں کی تعداد 100 سے زائد ہوچکی ہے۔ سماء