صدر مملکت نے تعلیمی نصاب کی تشکیل نو کیلئے چانسلرز سے تجاویز مانگ لیں
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تمام صوبے نصاب پر نظرثانی کیلئے مل کر کام کرنے پر متفق ہوگئے ہیں، نصاب کی تشکیل نو کیلئے وائس چانسلرز تجاویز دیں، تعلیمی نظام میں صلاحیت ہونی چاہئے کہ نئی نسل سیاسی بازی گروں کی شناخت کرسکے۔
صدر ممنون حسین نے ایوان صدر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفاقی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے مختصر خطاب میں کہا کہ دینی مدارس کو بھی قومی نصاب میں شامل کرنے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں۔
صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کو اب حل نہ کیا گیا تو یہ کبھی حل نہیں ہونگے، تعلیمی نظام میں صلاحیت ہونی چاہئے کہ نئی نسل سیاسی بازی گروں کی شناخت کرسکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے نام صرف قومی اکابرین کے نام پر رکھے جائیں، تعلیم اور انڈسٹری کے درمیان بامعنی روابط قائم کئے جائیں، صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کو نیشنلائزیشن سے نقصان پہنچا ہے۔ سماء