پی ٹی آئی کو اجازت مل گئی
لاہور:ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو رائے ونڈ جلسے کی اجازت دے دی ۔ عدالتی حکم کے مطابق پرامن احتجاج کرنے والوں کو گرفتار یا ہراساں کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پی ٹی آئی کو بھی کسی قسم کی اشتعال انگیزی سے روک دیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے اے کی ڈوگر کی رائے ونڈ مارچ روکنے اور پی ٹی آئی کارکنوں کی ممکنہ گرفتاریوں کے خدشات سے متعلق رہنماتحریک انصآاف ولید اقبال کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔
فیصلے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ حکومت کو پرامن احتجاج کرنے والوں کو گرفتار یا ہراساں کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ عدالت نے تحریک انصاف کو بھی انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے مطابق چلنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی جلسہ کرے، حکومت انہیں سیکیورٹی فراہم کرے گی اور امن و امان برقراررکھنے پر گہری نظررکھے گی تا کہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہ آئے۔ امن و امان کو خطرہ ہوا تو انتظامیہ ایکشن لے گی۔
عدالت نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پر امن ہوا تو کارکنوں کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ ریاست کہ ذمہ داری ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا خیال رکھے۔ جلسہ ختم ہونے کے بعد یقینی بنایا جائے کہ کارکن پر امن طور پر منتشر ہوں اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ سماء