اسلام آباد : سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ نریندر مودی اور سشما سوراج کے دماغ میں خلل ہے، مودی ایک دہشت گرد ہے،اس نے گجرات میں ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کو قتل کرایا۔
سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کے دماغ میں خلل ہے، اگر بھارتی حکومت ان کا علاج نہیں کراسکتی تو میں ڈاکٹر بھجوا دیتا ہوں، مودی ایک دہشت گرد شخص ہے، اس کو وزارت عظمیٰ سے معطل کیا جائے، راہول رائے نے درست کہا کہ مودی سیلفی وزیراعظم ہے، میں کہتا ہوں کہ وہ سیلفش وزیراعظم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب 70ءکی دہائی نہیں ہے، دنیا بدل چکی ہے، پاکستان کی طرف بھارت تو کیا کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے، نریندر مودی ایک دہشت گرد ہے، گجرات میں اس نے ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کو قتل کرایا، مودی کا دماغی توازن درست نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سشما سوراج شاید للت مودی کے عشق میں پاگل ہو چکی ہے، اسی لئے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے رہی ہیں، اقوام متحدہ اور پوری دنیا کشمیر کو متنازعہ مانتی ہے مگر وہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے بنیاد بیان دے رہی ہیں۔
رحمان ملک نے کہا کہ سشما سوراج کی چابی للت مودی کے ہاتھ میں ہے، میں دنیا کو بتاﺅں گا کہ للت کون ہے، کیا کرتا ہے اور کہاں کہاں سے فنڈز لیتا ہے، بھارتی اپوزیشن ان امور کو اٹھائے اور اسمبلی میں لے کر جائے تو میں اس بارے تمام ثبوت اور مواد دینے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلال بھٹو کا مودی کے بارے میں بیان عصری تقاضوں کے مطابق ہے۔ سماء